3 مارچ، 2025، 3:13 PM

ایٹمی توانائی ایجنسی سیاسی بیان بازی سے اجتناب کرے، ایران

ایٹمی توانائی ایجنسی سیاسی بیان بازی سے اجتناب کرے، ایران

ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے ایٹمی توانائی ایجنسی کی حالیہ رپورٹ پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئےکہا کہ ایجنسی کو اپنے دائرہ کار کے اندر رہتے ہوئے سیاسی بیان بازی سے گریز کرنا چاہئے۔

مہر نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران بین الاقوامی توانائی ایجنسی کی حالیہ رپورٹ پر ردعمل کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا: ہم بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی کے ڈائریکٹر جنرل سے توقع کرتے ہیں کہ وہ ایجنسی کے قوانین کے مطابق اپنے اختیارات اور فرائض کی حدود میں رہتے ہوئے کام کریں گے۔ 

انہوں نے زور دیا کہ سیاسی قیاس آرائیوں پر مبنی رائے کا اظہار ڈائریکٹر جنرل کے اختیارات کے دائرہ کار میں نہیں آتا اور نہ ہی اس سے مسئلے کو حل کرنے میں مدد ملتی ہے۔

 بقائی نے واضح کیا کہ ایران  کئی بار ثابت کر چکا ہے کہ اس کا جوہری پروگرام مکمل طور پر پرامن ہے اور یہ بین الاقوامی قانون اور جوہری عدم پھیلاؤ کے معاہدے کے فریم ورک کے مطابق جاری ہے۔"

انہوں نے مزید کہا کہ ایجنسی کی حالیہ رپورٹ مغربی ممالک کے بورڈ آف گورنرز کی قرارداد میں دہرائے گئے غیر مناسب مطالبات کا چربہ ہے، ایجنسی کے لئے مناسب نہیں کہ وہ بعض ممالک کے سیاسی نقطہ نظر  کو اپنی رپورٹ کا حصہ بنائے۔

بقائی نے ایران کے جوہری مذاکرات سے متعلق بعض دعووں کے بارے میں کہا کہ سفارت کاری کا عمل جاری ہے اور ایران ہمیشہ سے سفارتی نقطہ نظر کا پابند رہا ہے اور اس میدان میں ہم نے کبھی بھی محاذ آرائی نہیں کی۔ کیونکہ ہمیں اپنے ایٹمی پروگرام کی پرامن نوعیت پر یقین ہے۔

مغربی کنارے کا نام تبدیل کرنے سے زمینی حقائق نہیں مٹ سکتے

ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے مغربی کنارے سے متعلق صیہونی رژیم کے غاصبانہ اقدامات پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا: مغربی کنارے کا نام تبدیل کرنے سے زمینی حقائق نہیں مٹ سکتے، مغربی کنارہ اور غزہ تاریخی طور پر فلسطین کے حصے ہیں اور اس کے فلسطینی قوم سے تعلق پر کسی بھی طرح سے شک نہیں کیا جا سکتا اور نہ ہی اسے تبدیل کیا جا سکتا ہے۔

 انہوں نے مزید کہا کہ امریکی حکام فلسطین کی شناخت مٹانے کے درپے ہیں، اور یہ امریکی حکومت کے انسانیت کے خلاف جرائم اور فلسطینی قوم کے بنیادی حقوق کو پامال کرنے کی کوششوں کا واضح ثبوت اور بین الاقوامی قوانین کی صریح خلاف ورزی ہے۔

News ID 1930827

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
  • captcha